ہوناور، 29 / اپریل (ایس او نیوز) انتخابی ماحول میں دستاویزی ثبوت کے بغیر رقم منتقل کرنے کی کوشش کے خلاف الیکٹورل افسران اور پولیس نے چھاپہ ماری کی اور ایک آٹو رکشہ میں شیموگہ سے کمٹہ کی طرف لائے جا رہے 93.5 لاکھ روپے ضبط کر لیے ہیں ۔ عوام کے اندر اس بات کا بڑا چرچا ہو رہا ہے اور یہ رقم کس سیاسی پارٹی کے امیدوار کی تھی اس پر اندازے لگانے کا کام جاری ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کی شب میں 2.30 بجے شیموگہ سے کمٹہ کی طرف آنے والے آٹو رکشہ کو چنداور چیک پوسٹ کے پاس روک کر تلاشی لی گئی تو ایک سوٹ کیس میں 500 روپے مالیت والے نوٹوں کے بنڈل بھرے ہوئے ملے ۔ آٹو میں کمٹہ کاگل کا رہنے والا روی پنڈت اور شیموگہ کا رہنے والا آٹو ڈرائیور بھرت موجود تھا ۔ ان سے پوچھ تاچھ کرنے پر اتنی بڑی رقم کے سلسلے میں انہوں نے کوئی ثبوت یا دستاویز پیش نہیں کیے ۔ اس سلسلے میں ہوناور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور دونوں ملزمین کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
ضبط شدہ بھاری رقم کے سلسلے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کانگریس پارٹی یا جے ڈی ایس کے امیدواروں کے لئے لائی گئی رقم نہیں ہے بلکہ ایک تیسری پارٹی کے امیدوار کی ہے ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اسی آٹو میں رقم سے بھرے دو سوٹ کیس تھے جس میں ایک شیموگہ سے آتے ہوئے راستے میں کسی جگہ اتار کر کسی کے حوالے کیا گیا تھا اور دوسرا سوٹ کیس کمٹہ پہنچانے کے لئے لایا جا رہا تھا ۔ یہ رقم پوشیدہ طور پر ووٹروں میں تقسیم کرنے کے مقصد سے لائی گئی تھی ۔ ملزم روی پنڈت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ کمٹہ کے ایک با اثر سیاست دان اور اسمبلی سیٹ کے امیدوار کا خاص آدمی ہے ۔ اس لئے گمان یہی ہے کہ یہ رقم اسی امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے غیر قانونی طور پر لائی جا رہی تھی ۔